ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل : زنگ کھا رہی ہیں 108 ایمبولینس گاڑیاں - بڑھ گئی ہیں مریضوں کی پریشانیاں

بھٹکل : زنگ کھا رہی ہیں 108 ایمبولینس گاڑیاں - بڑھ گئی ہیں مریضوں کی پریشانیاں

Sat, 13 Aug 2022 18:38:34    S.O. News Service

بھٹکل،13؍اگست (ایس او نیوز) مرڈیشور اور اطراف کے مریضوں کے لئے مختص کرکے رکھی گئی 108 ایمبولینس گاڑیاں بھٹکل تعلقہ ہاسپٹل کے احاطہ میں زنگ کھا رہی ہیں کیونکہ اس کو چلانے اور دیکھ بھال کرنے کا نظام ٹھپ ہوگیا ہے ۔ اس وجہ سے مریضوں کو اسپتالوں میں لانے کے لئے بھاری کرایہ دے کر دوسری گاڑیوں کا انتظام کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں رہا ہے۔
    
مرڈیشور ماولّی میں 6  گرام پنچایت ایسے ہیں جہاں کے لوگوں کو مختلف بیماریوں نے گھیر رکھا ہے ۔ جیسے ہی صحت کے مسائل پیدا ہوتے ہیں انہیں علاج کے لئے  بھٹکل کے اسپتالوں میں آنا پڑتا ہے ۔ مرڈیشور ساحل ایک بین الاقوامی شہرت یافتہ سیاحتی مرکز ہے ۔ یہاں روزانہ ہزاروں سیاح آتے ہیں اور سمندر میں تیرنے کے دوران طبیعت بگڑنے اور ہنگامی صورتحال پیش آنے پر 108 ایمبولینس کی ضرورت پیش آتی رہتی ہے۔  لیکن  108 کے بدلے میں لوگوں کی سہولت کے دوسرا کوئی مناسب انتظام بھی نہیں کیا گیا ہے۔ 
    
اس سے پہلے مرڈیشور علاقے کے لئے جو ایک 108 ایمبولینس گاڑی دستیاب تھی، وہ خراب ہوگئی تو اسے گجری میں ڈال دیا گیا ۔ اس کے بعد امسال جنوری میں مرکزی حکومت کے فنڈ سے وینٹی لیٹر سہولت والی 108 ایمبولینس گاڑی فراہم کی گئی ۔  اس نئی گاڑی کے آنے بعد پرانی ایمبولینس گاڑیاں مرڈیشور علاقے کے لئے مختص کردی گئیں ۔ لیکن سرکاری افسران کی طرف سے ضروری کارروائی نہ ہونے کی وجہ سے یہ دونوں 108 ایمبولینس گاڑیاں بھٹکل تعلقہ اسپتال احاطے میں بیکار کھڑی بارش میں بھیگ کر زنگ کھا رہی ہیں۔
    
اس وقت بھٹکل تعلقہ میں ایک ہی 108 ایمبولینس کام کر رہی ہے ۔ اگر اس گاڑی پر کسی مریض کو کنداپور یا دوسرے قریبی علاقے میں بھیجا گیا تو پھر مقامی طور ہنگامی ضرورت کے لئے کوئی ایمبولینس نہیں ہے ۔ ایسی صورت میں لوگوں کو مجبوراً بھاری کرایہ والی نجی ایمبولینس سروس کا سہارا لینا پڑتا ہے۔ 
    
ایمرجنسی منیجمنٹ اینڈ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے سی ای او ڈاکٹر نارائن نے بتایا کہ ٹھیکیدار کی طرف سے ہونے والی کوتاہی سے ریاست کے مختلف مقامات پر یہ سب کچھ ہو رہا ہے ۔ آئندہ دو مہینوں کے اندر نیا ٹینڈر طلب کرکے اس صورتحال کو درست کرلیا جائے گا ۔ اب جو گاڑیاں موجود ہیں ان کا جائزہ لینے کے بعد انہیں مرڈیشور میں خدمات انجام دینے لائق بنانے کے لئے ضروری اقدامات کیے  جائیں گے۔


Share: